متاثرہ گھرانوں،ضرورت مندوں اور مستحقین کی تعداد بہت زیادہ ہے ،ضلع گلبرگ کا دورہجماعت اسلامی اورالخدمت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اورالخدمت اپنے دائرہ کار اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے لیکن اس وقت متاثرہ گھرانوں،ضرورت مندوں اور مستحقین کی تعداد بہت زیادہ ہے ،سندھ حکومت متاثرین کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے امدادی سامان ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گلبرگ کے دورے کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرامیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، سیکریٹری حسین مدنی، کامران سراج ودیگر ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے ۔ فاروق نعمت اللہ نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ ضلع گلبرگ کے تحت کورونا وائرس کے باعث شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال میں ضلع میں ریلیف کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کار روزانہ ضلع کے مختلف مقامات پر جراثیم کش اسپرے کر رہے ہیں، 133مساجد میں بھ اسپرے کیا جاچکا ہے ، چھ ہزار سے زائد معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ مساجد کے باہر اور رہائشی علاقوں سے فنڈ بھی اکٹھا کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اپنی معمول کی سرگرمیاں ترک کرکے انسانی زندگی کے لیے خطرے کے ماحول میں اللہ کی رضا کے لیے امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔