کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت کو کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن میں شہریوں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے تھا، لیکن اس نے اپنا کردار ادا نہیں کیا، شہر کی سماجی اور فلاحی تنظیموں، مخیر افراد اور پرائیویٹ اداروں نے جس طرح راشن کی فراہمی میں کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے ۔ یہ بات انہوں نے بہادرآباد میں الخدمت کے میگا راشن پروجیکٹ کے تحت راشن کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ یوسی 12 کے چیئرمین جنید مکاتی، الخدمت کے ڈائریکٹر ریلیف قاضی صدر الدین اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ قوم پر مشکل وقت کا مقابلہ باہمی تعاون، اتحاد، اخوت اور مساوات ہی سے کیا جاسکتا ہے ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیاست کر رہی ہیں، جبکہ شہری کاروبار بند اورروزگار کے مواقع محدود ہونے کے باعث امداد کے منتظر ہیں، یہ وقت سیاست کانہیں خدمت خلق کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی50 فیصد سے زائد آبادی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہے اور انہیں اس وقت راشن کی زیادہ ضرورت ہے، رمضان المبارک اور عید کی آمد کے پیش نظر صورتحال مزید تشویشناک ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارے راشن کی تقسیم کا کام انجام دے رہے ہیں وہ لازمی طور پر ڈیٹا مرتب کریں اور ایک دوسرے سے شیئر کریں تاکہ تمام علاقوں میں مستحقین اور غریبوں تک راشن پہنچ سکے ۔جنید مکاتی نے کہا کہ میگا راشن پروجیکٹ کے اس سینٹر سے 50 ہزار راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے۔