کورونا وائرس سے ٹیکنالوجی کے ذریعے نمٹنے کے لئے ایپلی کیشن تیار کر لی گئی فیصل آباد: چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل پنجاب چودھر ی محبوب عالم سندھو نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اس سلسلے میں حکومت نے کورونا وائرس سے ٹیکنالوجی کے ذریعے نمٹنے کیلئے ایپلی کیشن تیار کر لی ہے ۔ یہ ایپ شہریوں کو کورونا وائرس کیخلاف احتیاطی تدابیر اپنانے کے بارے میں آگاہی مہیا کرے گی۔ایپلی کیشن مختلف فنکشنز جن میں کورونا وائرس کے موجودہ سٹیٹس کے بارے میں ڈیش بورڈ، بار بار ہاتھ دھونے کی یادہانی کیلئے الارم، آگاہی کیلئے چیٹ باٹ اور کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او ویڈیوز پر مشتمل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایک بڑی آفت ہے اس سے بحیثیت قوم ہم سب کو ملکر لڑنا ہے حکومت جاگ رہی ہے کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام تک معلومات کی فراہمی کیلئے میڈیا کا کردار مثالی ہے ہر شخص اپنے گھر میں رہ کر اس وبا کو شکست دے سکتا ہے اگر ہم باہر نکلیں گے تو یہ مرض ہمارے ساتھ گھروں میں داخل ہو سکتا ہے ۔مخیر افرادلوگوں کی مدد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں۔