وزیر اعظم نے زراعت کے شعبے کیلئے بھی خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ، وزیر زراعت ملتان: صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت، پنجاب سیڈکارپوریشن، پنجاب ایگریکلچر ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر ذیلی اداروں کے ملازمین اور صوبہ بھر کے کسان اپنے اپنے گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں تاکہ ہمیں کورونا جیسی وبا سے نجات مل سکے ۔عوام حکومت کی جانب سے دی جانے والی حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تاکہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے ۔ اپنے بیان میں وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ کسان فکر مند نہ ہوں حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مکمل سرپرستی اور معاونت کرے گی۔ حکومت کسانوں سے گندم کی فصل کا دانہ دانہ خریدے گی او رانہیں طے شدہ معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کے شعبے کے لئے بھی خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت کسان دوست ہے ۔ نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کوروناوائر س کے پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت کی مدد کریں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے ۔