پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ کی پیشکش کر دی۔ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ وہ ہمارے ڈپٹی چیرمین سینٹ بن جائیں۔ صحافی نے مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ صادق سنجرانی ہمارے چیرمین ہیں، ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہیں، میں یہ کہہ نہیں سکتا کہ 12 مارچ کے بعد چیرمین سینٹ کون ہو گا۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے آج خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا۔ پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرمسلم لیگ ن سے ہوگا۔ کمیٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کے سربراہ کوآگاہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان حتمی اعلان کریں گے۔ خیال رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن12 مارچ کو ہو گا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین کیلئے یوسف رضا گیلانی کا انتخاب کیا ہے۔