حیسکو کی ٹیم نے 7ٹرانسفارمر اتار لیے ،400 کنڈے منقطع ،تاریں قبضے میں لے لیں جیکب آباد کے مکینوں کابجلی کی لائن کاٹنے پراحتجاج،پنگریومیں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(حیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں سرکل نوابشاہ کے مختلف سب ڈویژنز کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر12دیہات کی بجلی منقطع کرکے 7 ٹرانسفارمر اتار لیے گئے جس میں 2 ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز شامل ہیں۔اس کے علاوہ 400 کنڈے منقطع کرکے تاریں بھی قبضے میں لے لی گئیں ۔ جیکب آباد کے چنہ محلے کے رہائشیوں کی جانب سے 10روز قبل بجلی کی لائن کاٹنے کے خلاف احتجاج کیاگیا۔مکینوں الطاف جمالی، سہراب علی، غلام یاسین کھوسو اور دیگر نے کہا ہے کہ چنہ محلے میں لائن سپرنٹنڈنٹ نے بلاجواز بجلی کی لائن کاٹ دی ہے اور بجلی کی بحالی کے لیے رشوت طلب کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں رشوت نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایل ایس کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر سیپکو آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے پنگریو شہر اور ملحقہ دیہات وقصبوں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں گیس صارفین شدیدپریشانی اورمشکلات کاشکار ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی حکام نے پنگریوشہر، گوٹھ حاجی دین محمد،ملکانی شریف،خلیفوقاسم ،خیرپورگمبو اوردیگرقصبوں،دیہات اورشہروں میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں اضافہ کردیا ہے۔