اپنی نگرانی میں بولی کرائی ،مراکز صحت کے دورے ،غیرحاضری پرایک اہلکار معطل سائلین کے مسائل بھی سنے ،عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جارہا ہے :آغا ظہیر عباس خانیوال: ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے سبزی منڈی خانیوال کا اچانک دورہ کیا انہوں نے وہاں پر سبزی منڈی میں ٹماٹر ،پیاز ،آلو سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی اپنی نگرانی میں بولی کرائی ۔ڈپٹی کمشنرنے سبزی منڈی میں قائم کسان پلیٹ فارم کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر کسانوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا انہوں نے سبزی منڈی میں صفائی کی صورتحال بھی چیک کی ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی بنیادی مراکز صحت چک نمبر 28 دس آر اور 30 دس آر پہنچ گئے ۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اورعملہ کی حاضری چیک کی ۔بنیادی مرکزصحت 28 دس آرمیں 3اہلکار غیرحاضر پائے گئے ڈپٹی کمشنر نے موقع پر سی ای او ہیلتھ کو ایک اہلکار کو معطل کرنے کے احکامات دے دئیے ۔ بعد ازاں سائلین کے مسائل سنتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنا رہی ہے عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کو بھی جواب دہ ہونا پڑے گا ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈینگی مہم کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی مچھر کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے محکمہ صحت کے افسران انسداد ڈینگی کیلئے بھر پور اقدامات کریں