سنٹرز پر پولیس، آرمی اوررینجرز کے دستے بھی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد: ضلع میں احساس پروگرام کے تحت گزشتہ چارروز کے دوران 18 سنٹرز سے 37580 مستحق خواتین میں 45کروڑ 9 لاکھ60 ہزارروپے کی مالی امداد تقسیم کردی گئی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتائی۔انہوں نے بتایا 12 اپریل کو 7313 خواتین میں مالی امداد تقسیم کی گئی جبکہ اس سے قبل پہلے روز6847،دوسرے روز11313،تیسرے روز 12107 خواتین نے مالی امداد حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ تمام سنٹرز پر رجسٹرڈ خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد انہیں مختصر وقت میں امداد کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسر سنٹرز پر تمام تر انتظامات کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا سنٹرزپر انسداد کورونا وائرس اقدامات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کورونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر خواتین کو کم ازکم ایک میٹر کے فاصلے پرکرسیوں پر بٹھایا جارہا ہے جبکہ سنٹرز پر پنجاب پولیس،پاک آرمی اوررینجرز کے دستے بھی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔