فوسپا کامقصد ایسے معاشرے کا قیام ہے جس میں مرد و زن کویکساں انصاف فراہم ہو وفاقی محتسب انسداد جنسی ہراسانی کا نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ میں آگہی پروگرام سے خطاب کراچی : خواتین کے ذہنوں سے معاشرتی خوف کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اپنا تحفظ کر سکیں۔ ان خیالات کااظہار وفاقی محتسب انسداد جنسی ہراسانی کشمالہ طارق نے نیوپورٹس انسٹی ٹیوٹ میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے اپنے ادارے فوسپا (FOSPAH) کی کارکردگی سے متعلق آگہی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیو پورٹس کی چیئرپرسن بخاری، ڈین ڈاکٹر عبدالرحمن اور ڈاکٹر اطہر اکبر اعوان نے بھی خطاب کیا۔ کشمالہ طارق نے مزید کہا کہ فوسپا کے قیام سے خواتین کے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے ، ادارے کا مقصد ایسے معاشرے کا قیام ہے جس میں خواتین و حضرات کویکساں انصاف فراہم ہو، ہمارے ادارے میں 60 روز میں شکایات کافیصلہ کردیا جاتا ہے، یہ ادارہ بطور عدالت کام انجام دیتا ہے، اسے سزا دینے اورمعطل کرنے جیسے اقدام کی قانونی حیثیت حاصل ہے ، ہمارے ملک میں خواتین ورک فورس کی کمی ہے ، ادارے میں مرد کو مرد اور عورت کو عورت یا مرد کو عورت اور عورت کو مرد کے خلاف ہراسگی کی شکایت کرنے کا برابر حق حاصل ہے ،ہمارے ادارے میں آن لائن شکایت بھی درج کرائی جاسکتی ہے ، ہمارا دفتری عملہ شکایت کرنے والے سے 24 گھنٹے میں رابطہ کرتا ہے اور شکایت رجسٹرڈ کر لی جاتی ہے ، اس کے لیے کسی وکیل کی خدمات حاصل کرنا ضروری نہیں، شکایت کندہ خود بھی اپنا کیس لڑسکتاہے ،ہم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی انصاف فراہم کرتے ہیں تاکہ سائل کو اضافی اخراجات نہ اٹھانے پڑیں۔کشمالہ طارق نے کہا کہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو چاہئے کہ وہ جنسی استحصال سے تحفظ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ وہ اپنے طور پر شکایتوں کا ازالہ کرسکیں ۔