بیشتر ممالک کی طرح دبئی میں بھی کورونا کے پیش نظر لاک ڈاؤن کیا گیا تھا جس کے باعث سیاحت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دبئی حکومت نے اب سیاحوں کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔ دبئی حکومت کے حکام کے مطابق 7 جولائی سے سیاح دبئی میں آ سکیں گے انہیں صرف اپنے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ تاہم کسی قسم کی علامات ظاہر ہونے پر سیاح کو 14 روز کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا۔ دبئی حکومت کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مستقل رہائشی بھی 22جون سے امارات واپس آسکتے ہیں اور اماراتی مستقل رہائشی 23 جون سے بین الاقوامی سفرکرسکیں گے۔ دبئی حکومت نے سیاحوں کے لیے انٹرنیشنل ہیلتھ انشورنس بھی لازم قرار دی ہے۔ دبئی حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام سیاح اور مسافروں کو حفاظتی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ https://youtu.be/4ZvwrY6zbUY روانگی کی تاریخ سے چار روز قبل (96 گھنٹے) کی زیادہ سے زیادہ میعاد کے ساتھ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ دبئی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر سیاحوں کو وائرس سے متاثر نہ ہونے کا ثبوت دکھانا ہوگا۔ اگر وہ ثبوت فراہم نہیں کرسکتے ہیں تو ہوائی اڈے پر ہی پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔ دبئی آنے کے لیے موثر ہیلتھ انشورنس سرٹیفیکیٹ دکھانا ہوگا۔ سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم بھرنا ہو گا۔ دبئی حکومت کے مطابق ہوائی اڈے پر ایئرلائن کورونا علامات ظاہر ہونے کی صورت میں بورڈنگ کینسل کرنے کا حق رکھتی ہیں۔ ایئر پورٹ پر تھرمل سکیننگ بھی کرائی جائے گی۔