تازہ ترین

دعا ہے اللہ تعالیٰ قوم کو کورونا وباء، مشکل و مصیبت سے نجات دلائے: اسد قیصر

دعا-ہے-اللہ-تعالیٰ-قوم-کو-کورونا-وباء،-مشکل-و-مصیبت-سے-نجات-دلائے:-اسد-قیصر

پشاور: حال ہی میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم کو کورونا وباء ،مشکل و مصیبت سے نجات دلائے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ دعائوں سے روبصحت ہورہا ہوں، یہ ایک امتحان ہے اور اللہ امتحان لےرہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وباء کا مقابلہ صبر، استقامت اور حوصلے سے کریں گے۔ اللہ وباء کو ہمارے ملک کے لیے نیک فعال بنائے۔ موجودہ وقت میں ایک نفسیاتی جنگ بن گئی ہے۔ اللہ قوم کو کورونا وباء ،مشکل و مصیبت سے نجات دلائے۔ اسد قیصر نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب اللہ کے سامنے سربسجود ہوں۔ میڈیا آگاہی پھیلائے اور قوم کو امید دلائے۔ سب احتیاط کریں اور اللہ کے حضور دعائیں گے۔ اللہ ہمیں ایک نیا پاکستان دےگا جو ہمارے لیڈر کی خواہش ہے۔ https://twitter.com/AsadQaiserPTI/status/1256516173493141505 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مجھے دو، تین دن سے بخار کی علامات تھیں، طبعیت اب کافی بہتر ہے، آج پھرکورونا ٹیسٹ کرایا مثبت آیا، لوگوں سے کہوں گا احتیاط کریں، خوفزدہ نہیں ہونا، میں نے خود کوگھرمیں قرنطینہ کرلیا ہے، بیٹے اوربیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، احتیاطی تدابیرپرعمل کریں گے، میرے ساتھ ہی بیٹے،بیٹی قرنطینہ میں ہے۔ https://twitter.com/AsadQaiserPTI/status/1255915045185294345 اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہوں نے خود اس بات کی تصدیق اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کی تھی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تصدیقی بیان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اللہ کریم کی مدد سے میں انشاء اللہ اس کیخلاف جنگ کروں گا۔ انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں زندگی میں ہر طرح کے مشکل حالات سے لڑنا سکھایا، مجھے اس بات کا یقین ہے ہمیں جس کیلئے تیار کیا گیا ، یہ اس کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس وبا سے لڑنے کی مجھے لڑنے کی طاقت عطا کرے گا، انشاء اللہ۔ https://twitter.com/ImranIsmailPTI/status/1254835279476727816 دو روز قبل تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اسی روز ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہ آج مثبت آگیا۔ سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید 24 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ان کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔ سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ رواں ماہ ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش بھی کورونا کی وبا کا شکار ہوئے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے وہ پہلے سیاستدان تھے جن میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم انہوں نے چند روز میں ہی صحتیاب ہوکر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی تھیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں