بھارت میں معذور ساتھی خاتون کی جانب سے دفتر میں ماسک پہننے کی تاکید کرنے پر ڈپٹی مینیجر نے اسے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں محکمہ سیاحت کے دفتر میں سرکاری افسر نے خاتون ملازم کو بال پکڑ کر بری طرح گھسیٹا اور آہنی راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حکومت نے کورونا وبا کے باعث دفاتر میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا ہے اور محکمہ سیاحت کے دفتر میں معذور خاتون نے اپنے ڈپٹی مینیجر کو ماسک پہننے کا کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اور خاتون کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ بھی پڑھیں: دل دہلا دینے والا واقعہ، باپ نے بچوں کو پیٹی میں بند کر دیا، 3 معصوم بچے جاں بحق محکمہ سیاحت کے ڈپٹی مینیجر کی شناخت بھاسکر کے نام سے ہوئی جب کہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بناتے وقت دفتر کے دیگر ملازمین بھی وہاں موجود تھے جنہوں نے خاتون کی جان بچائی۔ واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس شخص نے ماسک نہیں پہنا ہوا اور وہ اچانک خاتون کی سیٹ پر آکر اسے بالوں سے گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ https://twitter.com/Ashi_IndiaToday/status/1277845329107247105 واقعے پر خاتون نے اپنے افسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس پر ملزم نے فرار کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے پولیس نے اسے دھرلیا جب کہ اس کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔ پولیس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت دیگر دفعات کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جس پر اسے عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔