سیوریج اور شہر کی گندگی پر قابونہ پایاگیا تو بہت زیادہ نقصانات ہوں گے، وسیم اختر کڈنی ہل پارک کا دورہ، قطر کے قونصل جنرل ناصر حامد الخلیفی نے پودا بھی لگایا کراچی: میئروسیم اختر نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی ہے، مگر ہمارے ملک میں اس کا اندازہ نہیں ہے، اس وقت کراچی دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والا خطہ ہے، خواہ وہ سمندر میں سیوریج کی آلودگی ہو یا شہر میں گندگی کی وجہ سے فضائی آلودگی اس میں ہم سب سے آگے ہیں، اس پر اگر قابو نہ پایا گیا تو بہت زیادہ نقصانات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کڈنی ہل پارک میں قطر کے ڈپٹی قونصل جنرل ناصر حامد ایچ ایچ الخلیفی کے ہمراہ پودا لگانے کے بعد پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے ممبران اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پی ایم اے کی جانب سے کڈنی ہل پارک پر ممبران کے لئے سٹیزن واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیکڑوں ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن اور پی ایم اے کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ میئروسیم اختر نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ اپنے وسائل میں رہ کر کوشش کر رہی ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے اور پارک تعمیر ہوں، میٹرو پولیٹن کمشنر نے کڈنی ہل پارک کی بحالی پر بہت محنت کی ہے، 19 ہزار سے زیادہ پودے لگ چکے مگر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ میئر نے کہا کہ یہ سلسلہ چلتا رہا تو آئندہ 5 سال بعد یہ بہت بڑا جنگل ہوگا جو ہمارے بچوں کے لئے بہت خوبصورت جگہ ہوگی، کوشش کر رہے ہیں کہ شہری اس عمل میں شامل ہوں۔