ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی سے دو روز قبل انکار کرنے والے نوجوان پر تشدد اور سرعام برہنہ کرنے کے واقعہ میں گرفتار ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا، جبکہ دولہا کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ احمد ندیم نے شادی سے دو روز قبل اچانک انکار کردیا تھا جس پر لڑکی کے رشتہ داروں نے اسلامیہ کرکٹ گراونڈ میں نوجوان کو برہنہ کرکے تشدد کیا ۔پولیس نے تشدد میں نامزد 7 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے جبکہ دیگر 4 ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی تھی۔تفتیشی افسر محمد سلیمان کے مطابق آج 11 جنوری کو شادی طے تھی، واقعہ کے تحقیقات جاری ہے تاہم اب تک ویڈیو اور واقعہ کے چشم دید گواہ سامنے نہیں آئے۔ پولیس نے لڑکی کے گھر پر فائرنگ کے الزام میں شادی سے انکار کرنے والے احمد ندیم کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ندیم مبینہ طور پر کسی اور لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔