کراچی ڈویژن کے حکام کی نااہلی سے مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا پلیٹ فارمز پر گندگی سے تعفن اٹھنے لگا،حکام نئے شیڈول پر عمل کرانے میں بھی ناکام کراچی: دھند اور موسم کی خرابی سے پاکستان ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ،کراچی آنے والی بیشتر ٹرینیں12گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں ،کراچی ڈویژن کے حکام کی نااہلی سے مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ،کینٹ اسٹیشن کے تمام پلیٹ فارمز پر گندگی سے تعفن اٹھنے لگا۔ جمعرات کو کراچی آنے والی ٹرینوں میں پاکستان ایکسپریس کو صبح سات بج کر20منٹ پر کراچی آنا تھا تاہم وہ دوپہر سوا تین بجے پہنچی، قراقرم ایکسپریس 8 بج کر 50منٹ پر آنے کے بجائے شام ساڑھے 6بجے، پاک بزنس صبح 9بج کر35منٹ کے بجائے شام6بجے،کراچی ایکسپریس صبح11بجے کے بجائے شام5بجے، ملت ایکسپریس صبح ساڑھے 8بجے کے بجائے شام4بجے، شاہ حسین ایکسپریس چار گھنٹے تاخیر سے شام5بجے، سرسید ایکسپریس پونے 12بجے کے بجائے شام5بجے ،گرین لائن ایکسپریس دوپہر ڈیڑھ بجے کے بجائے شام ساڑھے 5بجے پہنچی۔ جبکہ دیگر ٹرینوں کی آمد میں بھی تین سے چار گھنٹے تاخیر ہوئی، جس کی بنیاد پر پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن کے حکام نے کراچی سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینوں کے شیڈول تبدیل کیے تاہم ریلوے حکام اس شیڈول پر بھی عمل درآمد نہیں کراسکے ہیں۔ جاری شیڈول کے مطابق پاکستان ایکسپریس 1بجے کے بجائے شام 6بجے ، قراقرم ایکسپریس ساڑھے تین بجے کے بجائے رات ساڑھے 8بجے، پاک بزنس ایکسپریس شام چاربجے کے بجائے رات سوا9بجے ،کراچی ایکسپریس شام ساڑھے چار بجے کے بجائے رات ساڑھے سات بجے، ملت ایکسپریس شام پانچ بجے کے بجائے رات بجے، سرسید ایکسپریس رات 8بجے کے بجائے ساڑھے 10بجے روانہ ہوئی، جبکہ دیگر ٹرینوں کی روانگی میں بھی تین سے 5گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔