کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا کی ٹیم سول اسپتال کراچی پہنچ گئی ہے۔ پی ایس ای پر آج صبح جدید اسلحے کے ساتھ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادراکی ٹیم اسپتال پہنچ گئی، نادرا کی ٹیم دہشت گردوں کے فنگر پرنٹ لے کر اسلام آباد ہیڈ آفس بھیجے گی۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ نادرا اسلام آباد فنگر پرنٹس سے دہشت گردوں کی شناخت کرے گا۔ ادھر ذرایع نے دہشت گردوں کے بارے میں بتایا ہے کہ ان کے زیر استعمال جو گاڑی تھی اس کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹ اور انجن نمبر الگ الگ ہیں، گاڑی کو انجن نمبر سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ذرایع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج پرحملہ کسی خفیہ ایجنسی کی مدد کے بغیرممکن نہ تھا،ڈی جی رینجرز سندھ واضح رہے کہ آج صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ واقعے میں سب انسپکٹر شاہد اور 4 سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 3 اہل کار زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔