ویمن یونیورسٹی کا شعبہ آئی ٹی کمپیوٹر کی تعلیم میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ، سیمینا ر سے خطاب ملتان : ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا ہے کہ دور حاضر کمپیوٹنگ کا دور ہے ، آج کے جدید دور میں تربیت یافتہ ٹیکنالوجسٹ کی مانگ پہلے سے کہیں زیادہ ہے ، کچہری کیمپس میں نجی شعبے کے تعاون سے ہونے والے سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمار اشعبہ کمپیوٹنگ کے ڈسپلن میں اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرتا ہے تاکہ سائنسی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بھرپور ایسے گریجوایٹ تیار کئے جاسکیں جو مقامی اور عالمگیر معاشرے میں ہونے والے تغیرات کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ آج کے طلبہ کا تعلیمی میدان یا ذریعہ معاش کچھ بھی ہو لیکن اکیسویں صدی کا کوئی بھی دوسرا مضمون طلبہ کے لئے ذریعہ معاش کے حصول میں کمپیوٹر سائنس جتنا مددگارنہیں ہو سکتا،ویمن یونیورسٹی کا شعبہ آئی ٹی کمپیوٹر کی تعلیم دینے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ، اب یونیورسٹی نے نجی شعبے سے ملکر شارٹ کورسز کی تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طالبات ابھی سے اپنی آمدنی کا ذریعہ بناسکیں، ان کورسز میں گرافک ڈیزائننگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ ، موشن گرافک اور فری لانسنگ شامل ہیں اور ان مضامین کو ان کے نصاب میں بھی شامل کیا جائے گا ۔آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی نے مقررین میں شیلڈ تقسیم کی۔