محکمہ میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت لاہور: پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور مثبت رویوں کی ترویج کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے نام نہاد خادم اعلیٰ نے پریس لاز کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے زیرِ صدارت ڈی جی پی آر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ،ڈائریکٹر جنرل اسلم ڈوگر، تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی، اجلاس میں ڈی جی پی آر کے محکمانہ امور زیرِ بحث آئے ۔ صوبائی وزیراطلاعات نے محکمہ میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ فیاض الحسن چوہان کاکہناتھاکہ خالی اسامیوں پر بھرتیوں سے کئی خاندانوں کو روزگار ملے گا۔ ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور مثبت رویوں کی ترویج کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراطلاعات نے ہدایت کی کہ ریجنل سطح پر ڈمی اخبارات کی مکمل لسٹ ایک ہفتے میں مہیا کی جائے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ ملکر ڈمی، غیر قانونی اخبارات کے خلاف کارروائی کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔