تازہ ترین

رانگ وے کی خلاف ورزی پرمقدمات ظلم،حافظ نعیم

رانگ-وے-کی-خلاف-ورزی-پرمقدمات-ظلم،حافظ-نعیم

ایف آئی آر کاٹنا مسئلے کا حل نہیں، یہ اقدام صرف کراچی میں ہی کیوں کیا گیا ہتھکڑی لگانا،تھانے میں بند کرنا اذیت کا باعث ہوتا ہے ،سلسلہ بند کیا جائے کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے رانگ وے پر گاڑی چلانے والے شہریوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے اور بھاری جرمانہ عائد کرنے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سنگین مذاق اور ظلم کے مترادف ہے ، ملک کے کسی بھی حصے یا شہر میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والے شخص پر ایف آئی آ ر نہیں کاٹی جاتی اور نہ ہی گرفتار کیا جاتا ہے ،یہ اقدام صرف کراچی میں ہی آخر کیوں کیا گیا ہے ، اس قسم کے اقدامات سے عوام میں شدید بے چینی اوراضطراب پایا جاتا ہے ، ایف آئی آر کاٹنا مسئلے کا حل نہیں، حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ شہریوں کے لیے ایسی سہولیات فراہم کی جائیں جس سے شہری رانگ وے کے بجائے درست طریقے سے صحیح سمت پر گاڑی چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بے شک رانگ وے پر گاڑی چلانا ضابطہ کی خلاف ورزی ہے لیکن اس کی سزا اس کی مناسبت سے ہونی چاہیے ۔کالج یونیورسٹی یا ملازمت پر جانے والے کسی باعزت شہری کو معمولی خلاف ورزی پر ہتھکڑی لگانا،تھانے میں بند کرنا اس فرد اور خاندان کے لئے شدید اذیت کا باعث ہوتا ہے یہ ناقابل برداشت ہے اس سلسلے کو فوری بندہونا چاہیے ۔ پولیس کو چاہیے کہ شریف شہریوں کے بجائے حقیقی جرائم پیشہ افراد کو ہتھکڑی لگانے کی طرف توجہ دے ۔انہوں نے کہاکہ شہر کی بیشتر سڑکیں ایسی ہیں جس میں طویل فاصلے تک یوٹرن موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے شہری رانگ وے پر گاڑی چلانے پر مجبور ہیں، مہنگائی کے اس دور میں جب پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں وہاں شہری مجبوراً رانگ وے پر ہی گاڑی چلاتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں