راولپنڈی: پنجاب حکومت نے رنگ روڈ منصوبہ آر ڈی اے سے لے کر لاہور رنگ روڈ اتھارٹی (ایل آر آر اے)کو دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس مقصد کیلئے گزشتہ ماہ پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا دائر ہ کار پنجاب بھر میں بڑھا دیا تھا۔ کمشنرراولپنڈی ڈویژن کو بدستور پراجیکٹ ڈائریکٹر ہی رکھا گیا ہے۔ رنگ روڈ پراجیکٹ کے لئےقائم پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کو تحلیل نہیں کیا گیا بلکہ وہ کمشنر راولپنڈی کے ماتحت ہی کام کرے گا۔آر ڈی اے کو تمام ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو دینے کیلئے کہا گیا ہے۔اب کنسلٹنٹ پی سی ون لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو دے گا۔ ذرائع کے مطابق اب رنگ روڈ پراجیکٹ کے لئے ، چینی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 400 ملین ڈالر کے قرض کے معاملے پر آئندہ ہفتے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے حکام بات چیت کریں گے۔منصوبہ کیلئے ایکوائر کی جانے والی اراضی کا پی سی ون منظوری کیلئے لاہور بھجوایا جاچکا ہے۔