تازہ ترین

رواں سال ریر تعمیر کوئی ہسپتال مکمل نہ ہوسکا

رواں-سال-ریر-تعمیر-کوئی-ہسپتال-مکمل-نہ-ہوسکا

حسیب شہید ،سمن آباد، چلڈرن ہسپتال کے فیزٹو کا منصوبہ ادھورا،سول ،الائیڈہسپتال میں رش آئوٹ آف کنٹرول،آئندہ سال فنڈزحاصل کرنیکی کوشش کرینگے:ڈی سی فیصل آباد: رواں سال ہسپتالوں کا زیر تعمیر کوئی منصوبہ مکمل نہ ہو سکا ۔حسیب شہید ہسپتال ، سمن آباد ہسپتال مکمل ہوا اور نہ ہی چلڈرن ہسپتال کے فیز ٹوکا منصوبہ شروع ہوسکا ۔ سول اور الائیڈ ہسپتال میں رش آئوٹ آف کنٹرول ہوچکا ، ضلعی انتظامیہ اور ممبران اسمبلی کے دورے فوٹو سیشن تک محدود ہوکررہ گئے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کا تیسرا بڑا شہر فیصل آباد صحت کے لحاظ سے رواں سال حکومتی نظروں سے اوجھل رہا۔2016 میں شہر کے جنوبی حصے میں105 کنال پرا سٹیٹ آف دی آرٹ حسیب شہیدہسپتال کی تعمیر شروع ہوئی جو 2018 میں مکمل ہونا تھی لیکن فنڈز کی کمی کے باعث 3 سال بعد بھی ہسپتال کا خواب ادھوار ہی رہا ۔سابق حکومت نے نامکمل بلڈنگ میں ہی آؤٹ ڈور سروس کا آغاز کردیا ،ہسپتال میں ایمرجنسی کی سہولت موجود ہے اور نہ ہی انڈور سروسز کی ۔بلڈنگ کی تکمیل کیلئے مزید 50 کروڑ روپے کے فنڈزدرکار ہیں جبکہ ہسپتال کے انڈور وارڈز کا قیمتی فرنیچر ہسپتال کی بلڈنگ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تباہ ہورہا ہے ۔ ہسپتال میں طبی سہولیات کی کمی کی وجہ سے شہری حکومت سے نالاں ہیں جبکہ فنڈز کی کمی کے باعث دیگر ہسپتالوں کے تعمیری منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہیں اسی طرح ایشیا کے سب سے بڑے چلڈرن ہسپتال کے فیز ٹو اور تھری کی تعمیر بھی شروع نہ ہوسکی جبکہ سمن آباد ہسپتال کے آپریشن تھیٹر بھی فعال نہ کئے جاسکے جس کی وجہ سے شہر کے دونوں بڑے ہسپتالوں سول اور الائیڈ میں مریضوں کا رش آئوٹ آف کنٹرول ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، رواں سال تحریک انصاف کے متعدد ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر اور کمشنر فیصل آباد کے ساتھ تینوں ہسپتالوں کے دورے کئے اور ان کی تعمیر کیلئے جلد فنڈز اجرا کروانے کا لالی پاپ دیا لیکن کسی بھی منصوبے کیلئے فنڈز جاری نہ ہوسکے ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے کہا کہ آئندہ سال حکومت سے حسیب شہید ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کی تعمیرکیلئے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں