ریلی کئی کلومیٹر پر محیط ،ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ،مظاہرین کا 8 گھنٹے دھرنا لاہور: عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان نے مہنگائی کے خلاف ٹھوکر نیاز بیگ سے مال روڈ تک ریلی نکالی ۔ ریلی کئی کلومیٹر پر محیط تھی جس کی وجہ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام رہی ،گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی رہیں ۔ احتجاجی ریلی وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کیلئے جب مال روڈ پر پہنچی تو پولیس کی بھاری نفری نے خار دار تاروں اور رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرین کو روک دیا۔ پولیس نے مذاکرات کے بعد بھی جلوس کو آگے نہ جانے دیا تو مظاہرین نے وہیں دھرنا دے دیاجو 8گھنٹے جاری رہا۔عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسمبلیوں میں موجود عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوس کیا ،غریب عوام بھوک سے مر رہے ہیں، لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ،حکومت پیسہ لوٹنے والوں سے ایک پائی وصول نہ کر سکی ۔عوام کے چور اندرون اور بیرون ملک وی آئی پی علاج کے مزے لوٹ رہے ہیں،غریب عوام پر مزید ٹیکس لگا رہے ہیں، ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ،حکومت نے مہنگائی کنٹرول نہ کی تو 27فروری کو موچی دروازے میں اس سے چار گنا بڑا جلسہ کرینگے ۔