جی ٹی روڈ ،بادامی باغ ،مال روڈ ،لکشمی ،دھرم پورہ ،سٹیشن ،ایبٹ روڈ ،ایمپریس روڈ ،جوہر ٹاؤن سمیت سینکڑوں سڑکوں پر نصب سائن بورڈز توجہ کے منتظر بیشتر چوراہوں پر بورڈز غلط منزل کی نشاندہی کر رہے ،کئی جگہوں کے نئے نام اسلامی، پکارے ہندوؤں کے نام سے جاتے ہیں ،تمام سڑکوں کا سروے کرا ئینگے :چیف افسر لاہور : شہر کی سڑکوں پر لگے رہنمائی بورڈ ٹیڑھے یاغائب ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری سڑکوں پر خوار ہونے لگے ،میٹروپولیٹن کارپوریشن ،ٹیپا ،ٹریفک اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مشاورت کا فقدان شہریوں کے لیے کڑا امتحان بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی214 شاہراہوں پر شہریوں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے درست راستے کا چناؤ کرنا پڑتا ہے مگرراستوں کی رہنمائی کے لئے نصب سائن بورڈز کہیں ٹیڑھے ہیں تو کہیں سرے سے غائب ہیں،بیشتر چوراہوں پر لگے سائن بورڈز غلط منزل کی نشاندہی کر رہے ہیں جبکہ کئی جگہوں کے نئے نام اسلامی مگر پکارے ہندوؤں کے نام سے جاتے ہیں ۔ کچھ شہریوں نے تو سائن بورڈزکی قباحت کا حل گوگل میپ کی صورت میں ڈھونڈ لیالیکن دوسری طرف لاکھوں لوگوں کو روزانہ خواری کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔جی ٹی روڈ ،بادامی باغ ،مال روڈ ،لکشمی چوک ،دھرم پورہ ،ریلوے سٹیشن ،علامہ اقبال روڈ ،ایبٹ روڈ ،ایمپریس روڈ ،سندر داس روڈ ،گوالمنڈی چوک ،نیلا گنبد چوک ،جوہر ٹاؤن ،اللہ ہو چوک ،ٹاؤن شپ روڈ ،کالج روڈ ، منی مارکیٹ ،غالب مارکیٹ ،مغلپورہ ،شالیمار لنک روڈ ،باغبانپورہ ،گڑھی شاہو سمیت سینکڑوں سڑکوں پر نصب سائن بورڈز توجہ کے منتظر ہیں ۔شہر میں سڑک کے نام کی منظوری میٹروپولیٹن کارپوریشن دیتی ہے ،سائن بورڈ کا ڈیزائن اورتنصیب ٹیپا کی ذمہ داری ہے ۔ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب کا این اوسی جاری کرتے ہیں۔سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے سائن بورڈز بہت اہم ایشو ہے ،تمام الائیڈ محکمے ایک پیج پر آئیں اور اس کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔چیف کارپوریشن آفیسر سید علی عباس کا کہنا تھا شہر کی تمام شاہراہوں کا ابتدائی سروے کروا کر جلد کام شروع کرائینگے ۔شہریوں کا کہنا ہے راستے کی رہنمائی کیلئے کہیں درست بورڈز نصب نہیں،یہ فوری نوعیت کا حل طلب مسئلہ ہے ،جدید دوراور ٹیکنالوجی سے مطابقت رکھنے والے سائن بورڈز ہوں تو شہر کی شاہراہوں کا حسن دوبالا ہو جائے ۔