حکومت کی کسان دوست پالیسیوں سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہورہا ملتان : سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشد نے کہاہے کہ صوبہ پنجاب کو ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے ۔ اس لئے زراعت کا شعبہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں، محکمہ زراعت اور کاشتکاروں کی انتھک محنت سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہارٹی ایکسپو کے پاکستان کی زراعت پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید زراعت کے ساتھ ساتھ ہائی ویلیو ایگریکلچر اور ویلیو ایڈیشن کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کی بدولت اعلیٰ کوالٹی کی پاکستانی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں پذیرائی حاصل ہوگی جس کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کے تحت ‘‘پاکستان ہارٹی ایکسپو 2020’’ کا لاہور ایکسپو سنٹر میں انعقاد کیا گیا۔ اس زرعی نمائش میں 60 پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے 100 سے زائد اسٹالز لگائے گئے اور 11 مختلف ممالک سے 36 غیر ملکی وفود اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے 3 ہزار سے زائد ترقی پسند کاشتکاروں نے بھی اس نمائش میں بھرپور شرکت کی۔ غیر ملکی وفود نے پھلوں، سبزیوں اور ان کی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔ حکومت کی طرف سے تمام غیر ملکی وفود کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاکہ زرعی برآمدات میں اضافہ کیا جائے ۔