کیمپس کمیونٹی کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہاؤسنگ کالونیوں میں سپرے بھی شروع فیصل آباد : کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تمام سڑکوں کو کلوری نیشن سپرے کے ساتھ دھویا جا رہا ہے جبکہ کیمپس کمیونٹی کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ہاؤسنگ کالونیوں میں اینٹی ڈینگی سپرے بھی شروع کر دیاگیاہے ۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی زیرصدارت ڈینز کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال تمام سڑکوں اور گزرگاہوں پر کلوری نیشن سپرے کے عمل کی نگرانی کریں گے جبکہ مچھروں خصوصاً ڈینگی سے تحفظ کیلئے تمام رہائشی کالونیوں میں اینٹی ڈینگی سپرے چیئرمین شعبہ حشریات کی زیرنگرانی مکمل کیا جائے گا۔ پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال کے مطابق کیمپس پر کلوری نیشن کے عمل کا آغاز کر دیا گیااور مرکزی گیٹ سے ایڈمن بلاک اور گردونواح کی سڑکوں کو کلوری نیشن سپرے کے ذریعے دھویا گیا ہے جبکہ رہائشی کالونیوں کی سڑکوں اور گزرگاہوں پر بھی جراثیموں کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کیمپس کمیونٹی کو کورونا وائرس سے محفوظ ماحول فراہم کیاجا سکے ۔