فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مابین ای فائلنگ سمیت انتظامی سسٹم کو شفاف‘ موثر اور جوابدہ بنانے کیلئے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب وائس چانسلرزآفس کے میٹنگ روم میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) اور پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی ملک کی پہلی جامعہ ہوگی جو پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ای فائلنگ پر منتقل ہورہی ہے جس کے پہلے مرحلے میں وائس چانسلرآفس‘ رجسٹرار اور ٹریژرر کے دفاتر کو یکم نومبر تک ای فائلنگ پر منتقل کیا جائیگا جس کا دائرہ مرحلہ وار دوسرے تعلیمی و انتظامی شعبہ جات تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی باقاعدہ لانچنگ سے قبل اگر اس کا پروٹوٹائپ تجرباتی بنیادوں پر شروع کرتے ہوئے سٹاف کو اس سے متعلق تربیت کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے تو بہت سی مشکلات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے گا تاکہ ایک میچور اور جامع پروگرام یونیورسٹی کے حوالے کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پروگرام کے ذریعے ایک طرف دفاتر میں فائلوں کا رش کم ہوگا تو دوسری جانب ممکنہ ٹریس ابیلٹی کی وجہ سے ہر آفیسر اپنے ڈیش بورڈ پر موجود فیصلہ طلب ڈاک کو جلد نمٹانے یا غیرضروری تاخیر کا بھی ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ای فائلنگ کے نفاذ سے یونیورسٹی کی مختلف مجاز اتھارٹیزکی میٹنگزکیلئے تیار کئے جانیوالے بھاری بھر کم ایجنڈے اور کارروائی کی تفصیلات ہارڈ فارم میں ممبران تک پہنچانے میں خرچ ہونیوالے لاکھوں روپے کے وسائل بچائے جا سکیں گے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے ناظم بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ ناظم اُمور طلبہ ڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ڈائریکٹر پلاننگ و ڈویلپمنٹ عرفان عباس‘پی آئی ٹی بی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وسیم بھٹی‘ جوائنٹ ڈائریکٹرآپریشنزعابد محمود‘ جوائنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل نبیل خان‘ سینئر پروگرام مینیجر خاور حفیظ ‘ڈویژنل آئی ٹی مینیجر محمد وقاص‘ انچارج آئی ٹی وصی احمد رندھاوا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی سی ٹی کاشف اکرم بھی موجود تھے۔