ہم ہر روز مختلف ٹی وی چینلز پر مختلف نوعیت کے ڈرامہ سیریلز دیکھتے ہیں۔ تاہم ایک طرف جہاں تمام ڈرامہ سیریلز کو ایک جیسی پذیرائی نہیں ملتی وہیں دوسری جانب کچھ ڈرامہ سیریلز عوام میں بے حد مقبول ہوجاتے ہیں اور ڈرامہ سیریل خانی اس کی عملی مثال ہے۔ ''خانی'' اسماء نبیل نے تحریر کیا جسے انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا۔''خانی'' سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں سے ایک تھا جس نے کئی ریکارڈز بنائے اور ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں مثال قائم کی۔ ''خانی'' کی آخری قسط کی ریٹنگ اب تک ڈرامہ انڈسٹری کی سب سے زیادہ ریٹنگ تھی۔ لیکن ''خانی'' میں ایسی کیا خاص بات تھی کہ اسے لکس اسٹائل ایوارڈ ملنا چاہئیے؟ ''خانی'' میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ ثنا جاوید نے ایک بہادر اور نڈر خاتون کا کردار نبھایا جس نے طاقت کے آگے جُھکنے اور نا انصافی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ثنا جاوید نے اس ڈرامہ سیریل میں اپنے کیرئیر کی بہترین کارکردگی دکھائی، جس کی مثال ہادی کے خانی کے والد سے دستخط کرواتے وقت غم و غصے کے ملے جُلے رد عمل کی بہترین اداکاری تھی۔ دوسری جانب میر ہادی کا کردار فیروز خان نے بھی بخوبی نبھایا جس کے تحت عوام کی میر ہادی کے کردار کی جانب نفرت کورٹ کیس میں اس کی کامیابی کی دعاؤں میں تبدیل ہو گئی۔اس کا پورا کریڈٹ فیروز خان کو جاتا ہے جنہوں نے بگڑے ہوئے قاتل سے لے کر خود کو روحانی اور عاجز انسان بنانے میں اپنی اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے۔ اسما نبیل کے اس خوبصورت اسکرپٹ اور ڈائیلاگز سمیت اداکاروں کی بہترین کارکردگی اور ہدایتکاروں کی جانب سے اسکرپٹ کی بہترین عکسبندی ہی ''خانی'' کو لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء کا اصل حقدار بناتی ہے۔ ''خانی'' جیسی کہانیاں روز روز دیکھنے میں نہیں آتیں۔ یہی وجہ ہے کہ ''خانی'' کو ہی لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء جیتنا چاہئیے۔ ہم اُمیدواروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ بہترین ڈرامہ ہی ایوارڈ کا حقدار قرار پائے۔ لکس اسٹائل ایوارڈز 2019ء میں بہترین اداکار کے لیے خانی سے فیروز خان اور بہترین اداکارہ میں خانی ڈرامہ سے ثنا جاوید کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بہترین ساؤنڈ ٹریک کی کیٹگری میں بھی خانی سے راحت فتح علی خان کو نامزد کیا گیا اور ناظرین کی جانب سے امید کی جا رہی ہے بہترین ڈرامہ کا ایوارڈ بھی ڈرامہ سیریل خانی کے نام ہوگا۔