لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سروسز اسپتال میں گذشتہ 11 روز سے زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ۔ اس حوالے سے اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کی آخری سی بی سی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور ان کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔جس کے بعد اب سابق وزیراعظم نواز شریف سفر کے قابل ہو گئے ہیں۔ تاہم سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ابھی ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا۔ ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل بورڈ روزانہ کی بنیاد پر نواز شریف کا طبی معائنہ کر رہا ہے، 12 رکنی میڈیکل بورڈ آج بھی نوازشریف کا طبی معائنہ کرے گا جس کے بعد مزید ٹیسٹ تجویز کیے جائیں گے، آئی ٹی پی تشخیص کے بعد تجویز کردہ ادویات نوازشریف کو بہتر کر رہی ہیں جب کہ نوازشریف کو دل اور گردہ کے مسائل علاج معالجہ میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔گذشتہ روز نواز شریف کے علاج کے لیے تشکیل دیے جانے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمد ایاز نے کہا کہ نواز شریف کے لیے ایک آپریشن تھیٹر تیار کر لیا گیا ہے۔اس آپریشن تھیٹر کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف بظاہر ٹھیک ہیں، پلیٹیلیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دنوں نواز شریف کو انجائنا کا اٹیک ہوا تھا، پلیٹیلیٹس بڑھانے کے لیے مزید دوائیں اور انجیکشن نہیں دے سکتے، پلیٹ لیٹس بڑھانے کی دوائی دل پر پریشر ڈالتی ہے اور کوئی بھی دوائی بڑھانے سے گردے پر اثر پڑتا ہے جب کہ ادویات دینے سے یوریا کیریٹین بھی بڑھ جاتا ہے جو گردوں کو متاثر کر رہا ہے۔