تازہ ترین

سات سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا

سات-سال-کی-معصوم-بچی-مبینہ-زیادتی-کے-بعد-قتل،-ملزم-گھر-کا-فرد-نکلا

راولپنڈی: راولپنڈی میں سات سال کی ایک اور معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، ملزم گھر کا فرد نکلا۔میڈیا کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی بچی سدرہ مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہو گئی، پولیس نے بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی، اے ایس پی سول لائن نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگی۔راولپنڈی میں رونما ہونے والے اس افسوس ناک واقعے کے سلسلے میں بچی سدرہ کے والد نوراللہ نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ کام سے واپس گھر آیا تو گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا، بیوی سوئی ہوئی تھی، میں نے دیکھا کہ بچی مردہ حالت میں کمرے کے باہر پڑی ہوئی ہے۔گھر میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد قتل ہونے والی معصوم بچی کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ بچی کی ناک اور منہ سے خون نکل رہا تھا اور گھٹنے پر چوٹ کا نشان ہے۔ پولیس نے سات سال کی معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں بچی کے چچا کو حراست میں لے لیا ۔سی پی او راولپنڈی کے مطابق 7سالہ بچی کو گھر میں زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا،ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔سی پی او کے مطابق کرائم سین اور فرنزک سائنس لیبارٹری کی ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کئے،پولیس کو جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں گرفتار ملزم نے سنگین وارات کا اعتراف کیا،تھانہ ائیر پورٹ میں بچی کے والد کی مدعیت میں زیادتی اور قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں مبینہ زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ، وزیر اعلیٰ نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر کے افسوس ناک واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔ عثمان بزدار نے کہا متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں