اعلیٰ سطح پر کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات ، ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے حکومت نے ابھی تک متاثرین کیلئے ریلیف کا اعلان نہیں کیا ، صحافیوں سے گفتگو میرپورخاص: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سانحہ تیزگام کی اعلیٰ سطح پر کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کی جائے اور غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے ، ٹرین کے مسلسل حادثات اور سانحہ تیزگام کے بعد نااہل وزیر ریلوے کو برطرف کیا جائے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں تاہم انہیں کئی مقدمات کا سامنا ہے، ان کی واپسی تک ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے ۔ وہ میرپورخاص پر یس کلب میں میٹ دی پریس میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ قبل ازیں وہ تبلیغی جماعت کے مرکز گئے اور سانحہ تیزگام کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی ، وہ سانحہ تیزگام کے شہداء کے گھروں پر بھی گئے اور انکے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ تیز گام جیسے واقعات حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہیں اور قابل افسوس امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان نے ابھی تک متاثرین کے لئے کسی قسم کے ریلیف کا اعلان نہیں کیا جبکہ سانحہ کے آٹھ افراد ابھی تک لاپتا ہیں ، حکومت انہیں تلاش کر کے لواحقین میں پھیلی بے چینی دور کرے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں ہماری دعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں تاہم پاکستان میں انہیں کئی مقدمات کا سامنا ہے اس لئے ان کی واپسی سے قبل ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ ملک میں سرد موسم کے باوجود بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے ، واپڈا کی جانب سے اضافی بلنگ اور بلاجواز جرمانے کے بلز جاری کر کے صارفین کو تنگ کیا جا رہاہے ، صحافی اگر مسائل کی نشاند ہی کریں تو ان کو تنگ کیا جاتا ہے اور ان کے گھروں کی بجلی منقطع کر دی جاتی ہے ، شہر کا نظام تباہ و برباد ہے ، عام آدمی کوپینے کے لئے صاف پانی میسر نہیں ہے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے۔