لاہور: وزیر اعظم پاکستان کے وژ ن کے مطابق حکومت پنجاب صوبے میں سرمایہ کاروں کی بھر پورحوصلہ افزائی کر رہی ہے اور خصوصی طور پر سیمنٹ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے این او سی کے بروقت اجراء اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے نئے سیمنٹ پلانٹس کیلئے این او سی کے اجراء اور موجودہ انڈسٹری کی توسیع سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے درخواستگزاروں کو این او سی جاری کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے بشمول آبپاشی، ماحولیات، بلدیات، صنعت ایسی حکمت عملی تیار کریں کہ نئے سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب میں حائل غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک خوشاب، میانوالی، چکوال اور ڈی جی خان کے اضلاع میں نئے سیمنٹ پلانٹس کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جا چکی ہے جبکہ دیگرمراحل پر کام جاری ہے۔