بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات سائٹ پلان کے مطابق بروقت مکمل نہ ہونے پر تشویش چیئرمین ورکس کمیٹی کا کام کے جائزے کیلئے سائٹ کادورہ، کنٹریکٹ کی تفصیلات طلب کراچی : چیئرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی اور رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ کالج کی تعمیرات کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کالج کی تعمیرات سائٹ پلان کے مطابق بر وقت مکمل نہ ہونے پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات سے متعلق تحریری تفصیلات طلب کر لیں۔ رکن سندھ اسمبلی و چیئر مین ورکس کمیٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات کا پروجیکٹ ڈیزائن اور کنٹریکٹ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ چیئرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ورکس سے ٹھیکیدار کی رسیدیں اور جاری فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات مکمل کرانے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔ سید عبدالرشید نے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات، تخمینہ، نقشے اور دیگر تفصیلات کا جائزہ لے کر حکومت سندھ سے بات کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاری کے مکینوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے شہید بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی فعالی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو سرکاری وسائل اور سرکاری اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دوں گا۔ سیدعبدالرشید نے کہا کہ عوام کے نمائندے کی حیثیت سے جو حق لیاری کا ہے وہ اسے دلا کر رہوں گا۔