کراچی : کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس کا شکار ہے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب سے آنیوالی پرواز کے 123 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ سعودی عرب سے آنے والی فلائٹ کے ذریعے 246 مسافر کراچی پہنچے تھے۔ https://twitter.com/murtazawahab1/status/1268462087162023937 بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بیرون ملک پروازیں بحال رکھنا چاہ رہی تھی اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو بنا ٹیسٹ کے داخلے کی اجازت دے رہی تھی تاہم سندھ حکومت نے بین الاقوامی فلائٹس کے ذریعے آنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کیے اور جو مسافر پازیٹیو آئے ہیں انھیں آئسولیٹ کیا جائے گا۔ یہ بھی پڑھیں: کورونا، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 4 ہزار 896 کیسز، اموات 1838تک جا پہنچیں علاوہ ازیں بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید 1666افراد کورونا وائرس کاشکار ہوگئے ہیں جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا کے20مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 8390 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔