ملتان: ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ کور ونا کے حوالے سے حساس قرار دئیے گئے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ ہے ۔ پولیس اس مشکل وقت میں کور ونا کے ساتھ معاشرے کے ناسوروں کے خلاف بھی محاذ کھولے ہوئے ہے ۔اں خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس ٹریننگ کالج میں نئے کلاس رومز اور روٹی پلانٹ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ وسیم احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پولیس انفراسٹرکچر بہتر کرنے کیلئے موثر اقدامات اور فنڈنگ کی جارہی ہے جس سے پولیس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے وژن کے تحت تھانوں اور پولیس ٹریننگ کے اداروں کی اپ گریڈیشن تیزی سے جاری ہے ۔ آئی جی پنجاب ملتان آمد پر ملتان پولیس کی جانب سے مکمل کئے گئے منصوبوں کا باضابطہ افتتاح بھی کرینگے ۔اس موقع پر آر پی او نے ٹریننگ کالج کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور بریفنگ بھی لی۔