طاقت ور سمندری طوفان بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، تاہم توقع کے برعکس شدید طوفان سے بھارتی شہر ممبئی محفوظ رہا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق بھارت میں نرسگا طوفان ریاست مہاراشٹرا کے ساحلی علاقے رائے گڑھ سے ٹکرا گیا، جہاں 120 سے140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں اڑ گئی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، جب کہ ریلوے اور فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔ ساحلی علاقوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل کردیئے گئے۔ کئی علاقوں میں بڑے بڑے سائن بورڈز بھی گر گئے۔ ریاست مہاراشٹرا کے ساحلی علاقے میں طوفان کے زیراثر طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جب کہ ممبئی کے علاوہ تھانے، پال گھر، رائے گڑھ ، رتناگری اور سندھو گیری اضلاع میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا۔ مہاراشٹرا اور گجرات میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 43 ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ ممبئی میں عوام کو 6 سے7 گھنٹے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ توقع کے برعکس ممبئی شدید سمندری طوفان سے متاثر نہیں ہوا۔ ریلوے نے ٹرینیں ری شیڈولڈ اور اسپیشل ٹرینوں کو ڈائی ورٹ کردیا ہے جب کہ ممبئی ایئرپورٹ پر آپریشن متاثر ہے اور آج صرف 19 پروازیں اڑیں گی۔