چکی مالکان لاک ڈاؤن کی آڑ میں من مانی قیمتیں وصول کرکے عوام کو پریشان کر رہے ہیںحکومت کورونا سے نمٹنے کے ساتھ انتظامی معاملات پر بھی نظر رکھے، رکن صوبائی اسمبلی کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی بلال غفار نے چکی مالکان کی جانب سے عوام کو مہنگا آٹا فروخت کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا کہ چکی مالکان لاک ڈاؤن کی آڑ میں من مانی قیمتیں وصول کر کے عوام کو پریشان کر رہے ہیں، جو شرمناک عمل ہے، چکی مالکان اوپن مارکیٹ سے 40سے 41روپے فی کلو گندم خرید کر شہریوں کو 64 سے 68 روپے فی کلو آٹا فروخت کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں نئی گندم کی 100کلو بوری کی قیمت4000 سے 4100 روپے ہے، چکی مالکان کو اوپن مارکیٹ سے فی کلو گندم 40 سے 41 روپے میں مل رہی ہے ، لیکن وہ فی کلو 12روپے سے 13 روپے منافع کما رہے ہیں، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں، شہر کے بعض علاقوں میں 5 کلو چکی کے آٹے کا بیگ320 روپے سے 325 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، آٹے کی قیمتوں میں ڈھٹائی کے ساتھ اضافہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی نظر رکھے، مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کو گرفتار کرے، ،چکی مالکان قانون شکنی کررہے ہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیں ، سوشل میڈیا و دیگر ذرائع سے روزانہ منافع خوری کے حوالے سے ویڈیوز آرہی ہیں،مہنگا آٹا فروخت کرنے والے عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں،سندھ حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں مکمل طور پر غیر فعال ہوچکی ہیں۔