کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاپنگ مالز اور پلازہ کے علاوہ دکانیں اور مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کیا ہے کاروباری سرگرمیاں پیر سے جمعرات تک صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہیں گی اور دکانوں کو بند کرنے اور اپنے گھر واپس آنے کیلئے ایک گھنٹہ کا وقفہ ہوگا کیونکہ لاک ڈاؤن شام 5 بجے سے مزید سخت کیا جائیگا۔ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا تو سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہوں، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون ہوگا، ساتھ ہی سندھ حکومت نے صوبے میں مخصوص سرکاری دفاتر کو کھولنے کا بھی اعلان کردیا۔ ادھر پنجاب میں کورونا مریضوں کی گھرکے اندرقرنطینہ کی اجازت مل گئی تاہم یہ آئیسولیشن خصوصی کمیٹیوں کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ پیر سے جمعرات کے روز تک صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک شاپنگ مالز او پلازہ اور اس میں واقع دکانوں کو چھوڑ کر باقی علاقے کی مارکیٹیں / خوردہ فروش دکانیں، محلے کی دکانیں اپنی کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گی۔ سندھ اسمبلی بلڈنگ کے آڈیٹوریم میں چھوٹے تاجروں سے ملاقات کے موقع خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں جس کا اعتراف تاجر برادری نے بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعمیراتی صنعتوں اور کمیونٹی مارکیٹوں / خوردہ دکانوں، دیہی علاقوں میں دکانیں، رہائشی علاقوں میں واقع محلے کی دکانیں صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کھلی رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ سیکٹرز جو کہ بند رہیں گے ان میں تمام صنعتیں، کاروبار جنہیں 9 مئی تک کھولنے کیلئے کلیئر نہیں کیا گیا، شاپنگ مالز، پلازے، تعلیمی ادارے ، دفاتر جو انہیں 9 مئی تک کھولنے کیلئے کلیئر نہیں کیا گیا۔ ریستوراں، ہوٹل، بازار، شادی ہال، سینما گھر اور بڑے بڑے اجتماعات، عوامی جلوس، مجالس، تمام نوعیت کی اجتماعات اور کھیلوں کے مقابلوں اور محافل کا انعقاد شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چھوٹے تاجروں سے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے بات کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے چھوٹے قرضوں کو آگے بڑھا سکے اور ان کے دیگر اخراجات پورے کرسکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم کاروباری برادری کو بحران سے نکالنے کے لئے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔کے سی سی آئی کے رہنما سراج قاسم تیلی نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جان ہے تو مال ہے، ہمیں اس وائرس کی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، ہمیں ہر شخص تک ایس او پیز پہچانی ہے۔ سراج قاسم تیلی سمیت تمام تاجروں نے وزیراعلیٰ سندھ کے اقدامات اور محنت کو سراہا۔ دریں اثناء حکومت پنجاب نے کورونا کے مریضوں کی ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردئیے ہیں جسکے تحت کسی بھی مریض کو گھر میں قرنطینہ اختیار کرنے کی اجازت خصوصی ضلعی کمیٹی دے گی۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت پنجاب کے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ہوم آئیسولیشن کے لئے ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ، متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر اس کمیٹی کے ارکان نامزد کرے گا۔کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر کریگا جبکہ کمیٹی میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے، اس کے علاوہ شہری اور دیہی یونین کونسل کی سطح پر بھی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ سندھ حکومت نے 11 مئی سے بعض سرکاری دفاتر کھولنے کا اعلان کر دیاان دفاتر میں محکمہ اوقاف ،انسانی حقوق ، صنعت و تجارت ، انفارمیشن سائینس اینڈ ٹیکنالوجی ،محکمہ سرمایہ کاری ، محکہ اقلیتی امور، محکمہ سوشل ویلفیئر ،یونیورسٹیز اینڈ بورڈ اور ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹریز کےدفاتر کھلے رہیں گے۔ تاہم ان دفاتر میں صرف ضروری عملے کو بلایا جائے گا،ان محکموں کےانتظامی سیکریٹریز سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ان دفاتر کے انجینئرنگ ونگ پورے صوبے میں کنسٹرکشن ورک کےلئے کھلے رہیں گے۔