صوبائی حکمرانوں کو سیاست کیلئے وفاق تو نظر آتا ہے مگر مرتے لوگ نہیں، جمال صدیقی وفاقی حکومت تھرپارکر میں مزید انقلابی پروگرام متعارف کرائے گی، رکن سندھ اسمبلی کراچی : تحریک انصاف کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں کو سیاست کرنے کے لیے وفاقی حکومت تو نظر آجاتی ہے مگر انہیں سندھ میں مرتے ہوئے لوگ نظر نہیں آتے ، سندھ کے حکمران اپنے مفادات اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے سندھ کے نعرے لگا رہے ہوتے ہیں جبکہ سندھ کے بچے آج بھی بھوک اور پیاس سے مررہے ہیں، تھرپارکر میں ابھی تک بچوں کی اموات کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے ، آئے روز بچوں کی اموات کی خبریں آرہی ہیں جو کہ افسوسناک ہیں۔ میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ تھر پارکر میں بچوں کی اموات پر سندھ حکومت تاحال کوئی قدم نہیں اٹھاسکی ہے ، سندھ میں لوگ بھوک اور افلاس کی وجہ سے خود کشی کرنے پر مجبور ہیں، سندھ حکومت نے تھر پارکر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے بڑے بڑے دعوے اور وعدے تھرپارکر کے لوگوں کی قسمت نہیں بدل سکے ، سندھ حکومت وفاق پر تنقید کرنے کے بجائے اگر صوبے کے عوام کی خدمت کرے تو انہیں کسی مسئلے کا سامنا نہ ہو، وفاقی حکومت تھرپارکر کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے ، ہیلتھ کارڈز سے لوگوں کو علاج کی سہولت تو مل چکی ہے مگر سندھ حکومت کے بنائے ہوئے اسپتالوں میں علاج کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے ،سندھ کے مقدمے کی بات کرنے والوں نے تھرپارکر کے لوگوں کو خودکشی پر مجبور کردیا ہے ، وفاقی حکومت تھرپارکر میں مزید انقلابی پروگرام متعارف کرائے گی۔