کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث آج لاک ڈاؤن کا 13 واں روز ہے، شہری گھروں تک محدود ہیں ، سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔ صوبے میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پیٹرول پمپس، گوشت، سبزی، کریانہ کی دکانیں، بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ صرف اسپتالوں کے اطراف قائم میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے،دودھ کی دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ سندھ بھر کی مرکزی شاہراہوں سمیت ملحقہ سڑکوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔ وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 839 ہو چکی ہے، جبکہ کورونا سے متاثرہ 751 مریض زیرِ علاج ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ کراچی میں 329، حیدرآباد میں 149 اور سکھر قرنطینہ میں 248 کورونا کے مریض ہیں، سندھ میں 7 ہزار 992 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔