جان لیوا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں اس جمعے بھی لاک ڈاؤن کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت نمازِ جمعہ کے اجتماعات انتہائی محدود رکھے گئے ہیں۔ حکومتِ سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل چوتھے جمعے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ صوبے بھر کی مساجد میں نمازِ جمعہ اور نمازِ تراویح کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ آج دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک سندھ بھر میں سخت لاک ڈاؤن ہوگا ۔کراچی سمیت سندھ بھر میں ان ساڑھے 3 گھنٹوں کے دوران کسی کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نقل و حرکت پر مکمل طور پر پابندی ہو گی۔ سندھ حکومت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مساجد میں صرف مسجد انتظامیہ کو نمازِ جمعہ ادا کرنے دی جائے گی جبکہ ان 3 گھنٹوں کے دوران سڑکوں پر عوام کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔اس دوران کراچی سمیت مختلف شہروں میں تعینات پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے نوجوان شہر کے راستوں کو بند کر کے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرائیں گے اور لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔ لاک ڈاؤن کے دوران کسی قسم کی دکان نہیں کھلے گی تاہم لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد اشیائے خورد و نوش کی دکانیں، کریانہ اسٹورز کھل جائیں گے جو 3 بجے سے شام ساڑھے 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔