سخت سردی کے پیش نظر کاشف اقبال تھیلے سیمیا سینٹر اور شیئرنگ ونڈرکا اقدام ٹھٹھرتے ہوئے افراد میں کمبل تقسیم کرنے پر بہت خوشی ہوئی ،محمد اقبال، بدر منیر کراچی: کراچی میں سرد ہواؤں نے بچوں اور بڑوں سمیت تمام افرادکی مشکلات میں اضافہ کردیاہے، سخت سردی کی وجہ سے ملک بھرسے اپنے پیاروں کا علاج کرانے کی غرض سے سول اسپتال آنے والے تیمار داروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ، ان مشکلات کے پیش نظر کاشف اقبال تھیلے سیمیا سینٹر اور فلاحی ادارے شیئرنگ ونڈرکی جانب سے 5سو سے زائد تیمارداروں میںکمبل تقسیم کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم کی تبدیلی نے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی لپیٹ میں لیاہے ، جبکہ سخت سردی نے ملک بھر سے آئے مریضوںکے تیمار داروں کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا ہے جو سول اسپتال کے باہراپنے بسترلگائے ہوئے ہیں اور کھلے آسمان کے نیچے سوتے ہیں۔ ایسے تیمارداروں کو سردی سے بچانے کے لیے کاشف اقبال تھیلے سیمیا سینٹر اور شیئرنگ ونڈر فلاحی ادارے نے رات کی تاریکی میں 500 سے زائد کمبل تقسیم کیے ۔ سول اسپتال کے باہر اور فٹ پاتھوں پر سوئے ہوئے بے یارو مددگار تیمار داروں میں مفت کمبل تقسیم کرنے والے کاشف اقبال تھیلے سیمیا سینٹر کے انچارج محمد اقبال اورشیئرنگ ونڈرکے بدر منیر کا کہنا تھا کہ وہ تھیلے سیمیا کے امراض میں مبتلا بچوں کو مفت خون سمیت دیگرسہولتیں فراہم کررہے ہیں، لیکن سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے افراد میں کمبل تقسیم کرنے پر بہت خوشی ہوئی ہے ، وہ اسی طرح انسانیت کی خدمت کرنے کاسلسلہ جاری رکھیں گے ۔