تازہ ترین

سول اسپتال نوشہروفیروز میں 10 وینٹی لیٹر ز کا افتتاح

سول-اسپتال-نوشہروفیروز-میں-10-وینٹی-لیٹر-ز-کا-افتتاح

وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر ڈاکٹر تعینات کرکے مشینیں نصب کردیں،ذوالفقار بہن ٹنڈومحمد خان میں 13وینٹی لیٹر ز اور دیگر حفاظتی سامان بھی موجود ہے ،ڈپٹی کمشنر محراب پور ،ٹنڈو محمد خان: کورونا وائرس کے خوف نے محکمہ صحت نوشہروفیروز کو سول اسپتال میں دو سال سے موجود 10 وینٹی لیٹر ز کے افتتاح پر مجبور کردیا۔اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بہن نے گزشتہ روز آئسولیشن وارڈ میں لگائی گئی 10 وینٹی لیٹر مشینوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دو سال قبل 10 وینٹی لیٹرمشینیں سول اسپتال نوشہروفیروز میں لائی گئی تھیں لیکن عملے کی کمی کے باعث انہیں لگایا نہیں جاسکاتھا ، اب کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر کراچی کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی کے بعد مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔ دوسری طرف اسپتال بچاؤکمیٹی کے یونس راجپر اور انسانی حقوق کی تنظیم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور نوشہروفیروز کے کوآرڈی نیٹر محمد سلیم مغل کے مطابق وینٹی لیٹر لگانے اور اسپتال میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے ڈیڑھ سال سے احتجاج کیا جارہا تھا۔ ٹنڈو محمد خان ضلع میں صورتحال ابھی تک قابو میں ہے اور اس ضمن میں عوام الناس کو اس وبا سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان یاسر بھٹی نے پاک فوج کے افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور ضلع میں اشیائے خورو نوش اور میڈیکل اسٹورز کے علاوہ باقی تمام کاروباری مراکز بند ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں کورونا سے نمٹنے کیلئے قرنطینہ مراکز کے قیام اور دیگر مطلوبہ اقدامات کر لیے گئے ہیں جبکہ اس وقت ضلع میں 13 وینٹی لیٹر ز اور دیگر حفاظتی سامان بھی موجود ہے ۔اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے ضلع انتظامیہ ٹنڈو محمد خان کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے ۔اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان عابد بلوچ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یوسف ، تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع کے دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں