تربیت سے حکومتی اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے عمران اسماعیل کا تربیتی پروگرام کے شرکا سے خطاب،پرتگال کے سفیر کی ملاقات کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ افسران کی تربیت سے حکومتی اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے بالخصوص سول سروس افسران کی تربیت معاشرتی ، سماجی اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مزید تیز کرنے کیلئے انتہائی نا گزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں Training Management and Research Wing کے تحت جاری سول سروس تربیتی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چار ماہ پر محیط افسران کے تربیتی پروگرام میں عصر حاضر سے ہم آہنگ اقدامات اور دیگر امور کی تکمیل سے متعلق افسران کی تربیت کی جارہی ہے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کا موافق ماحول دستیاب ہے۔ انرجی ، تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور دیگر شعبے ایسے ہیں جہاں پر سرمایہ کاری کے فوری نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی شہ رگ کراچی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت کا حامل شہر ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے انتہائی نا گزیر دلچسپی کا باعث ہے، یہی وجہ ہے کہ شہر میں عرصہ دراز سے کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں جس سے اس شہر کی افادیت کا انداز ہ لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پرتگال کے سفیر پاؤلو ناویس نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔