شکایات کے حل میں غیر ذمہ داری کو برداشت نہیں کیا جائے گا:ڈپٹی کمشنر محمد علی فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات کے تیز رفتار ازالہ کویقینی بنایا جائے اس ضمن میں محض خانہ پری نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے یہ ہدایت پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات کے حل کے سلسلے میں محکمانہ کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ،اسسٹنٹ کمشنرزاورضلعی محکموں/ اداروں کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی انفرادی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے حل میں غیر ذمہ داری یا سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شکایات پر مبنی درخواستوں کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور سینئر افسر پورٹل پر موصولہ شکایات کے حل کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور غفلت پر محکمانہ ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حل شدہ درخواستوں/شکایات کوپرائم منسٹر سٹیزن پورٹل پر بروقت اپ لوڈ کیا جائے تاکہ کارکردگی کی جانچ پڑتال ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے جائزہ اجلاس کے انعقاد کامقصد موصول ہونے والی شکایات کا سو فیصد ازالہ کرنا ہے جس میں کوتاہی نہ برتی جائے ۔اجلاس کے دوران محکموں کے افسروں نے موصولہ شکایات کی تعداد اور حل کی جانے والی درخواستوں سے متعلق آگاہ کیا