ڈپٹی کمشنر کے دانش سکول ٹبہ سلطان پور ،نادراسنٹر کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا وہاڑی: ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ نبی اکرمؐ کی سیر ت پر عمل کر کے ہم اپنی زندگیوں کو کامیاب بنا سکتے ہیں، نبی ؐسے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کریں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی کالج وہاڑی میں مقابلہ نعت کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ٹبہ سلطان پور میں نادرا سنٹر کے قیام کیلئے مختص کی گئی عمارت کا وزٹ کیا اور اس کی تزئین وآرائش کے کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے اس مو قع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے تک ٹبہ سلطان پور میں نادرا سنٹر فعال ہو جائے گا،جس سے یہاں کے لوگوں کو اپنے شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے کی سہو لت میسر آئے گی ۔بعدازاں دانش سکول ٹبہ سلطان پور میں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دانش سکول ٹبہ سلطان پور کے تعمیراتی کام کو ہر صورت 20دسمبرتک مکمل کیا جائے جو کنٹریکٹر مقررہ مدت تک اپنا تعمیراتی کام مکمل نہیں کرے گا ا س کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔