اسلام آباد: سینیٹ انتخابات 2021 کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے آئندہ 3 روز پارلیمنٹ چیمبر میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اگلے 2 روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ملاقاتوں میں ارکان اسمبلی کے مسائل سنیں گے اور ان کے خدشات دور کریں گے۔ دریں اثنا، سینیٹ انتخابات کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس بھی مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ ادھر سابق صدر آصف علی زرداری بھی کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ذرائع نے کہا ہے کہ آصف زرداری سینیٹ انتخابات تک اسلام آباد میں قیام کریں گے، اور سینیٹ الیکشن پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔