سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا، دونوں ایوانوں کے اجلاس اب پیر 6 جنوری 2020 کو ہوں گے۔ https://twitter.com/NAofPakistan/status/1213156847735185422 قومی اسمبلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس دوپہر3 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس دوپہر4 بجے ہوگا۔اس سے قبل گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کو ہفتے (آج)صبح11بجے تک کے لئے ملتوی کیا گیا تھا۔گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے’پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل2020‘ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔ قومی اسمبلی میں پاکستان ایئر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اور پاکستان بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 بھی پیش کیا گیا تھا جس کے بعد تینوں بلوں کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیجا گیا تھا۔بعدازاں وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔واضح رہے شیڈول کی تبدیلی کے باعث اب یہ تینوں بل منظوری کے لئے آج نہیں بلکہ پیر کو قومی اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے۔