آغا پورہ میں سیوریج شکایت پرڈسپوزل سٹیشن کے قیام بارے ہنگامی اقدامات کا حکم ملتان: منیجنگ ڈائریکٹر واسا نسیم خالد چانڈیو نے محلہ ہزاریاں آغا پورہ میں سیوریج شکایت کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کے لئے ڈسپوزل سٹیشن کے قیام بارے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے 24گھنٹے کے اندر تخمینہ رپورٹ طلب کرلی ہے ، جبکہ نکاسی آب کی شکایت کے ازالہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ، ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب محلہ ہزاریاں، آغا پورہ میں سیوریج شکایت ملتے ہی ایم ڈی واسا موقع پر پہنچ گئے ، انہوں نے سیوریج سینٹرل ڈویژن اور ڈسپوزل سٹیشنز ڈویژن کے افسران کو موقع پر طلب کرلیا ،اس دوران ایم ڈی واسا نے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آغا پورہ، محلہ ہزاریاں میں سابق ادوار میں ڈسپوزل سٹیشن اورنالہ موجود تھا جس کو ختم کرکے ڈسپوزل سٹیشن کی جگہ پر سکول قائم کر دیا گیا جب کہ اب ٹی بی ہسپتال روڈ پر بھی سیوریج لائن بوسیدہ ہو چکی ہے جس وجہ سے محلہ ہزاریاں میں سیوریج مسائل شدت اختیار کئے ہوئے ہیں، اس علاقہ میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی ہدایت پر اراضی کا حصول ممکن بنا کر نیا ڈسپوزل سٹیشن قائم اور نالیوں کو سیوریج سسٹم سے تبدیل کیا جائے گا ،بعد ازاں انہوں نے منظورآباد میٹرو سٹیشن کے قریب بھی سیوریج شکایت پر موقع کا دورہ کیا اور شکایت کو فوری دور کرنے کا حکم دیا۔