فیصل آباد: سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین نے ٹرانسپورٹرز سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس کی بحالی کے حوالے سے میٹنگ کی جس میں مسافر گاڑیوں میں انسداد کورونا اقدامات اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے امور زیر بحث آئے ۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے بسوں،ویگنوں،ٹرانسپورٹ اڈوں،مسافروں کیلئے وضع کردہ ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ فیس ماسک اور دستانوں کے بغیر کوئی مسافر سفر نہیں کرسکے گا جبکہ گاڑی میں سوار ہوتے وقت مسافر کا ٹمریچر چیک اوربخار ہونے کی صورت میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی اسی طرح مسافروں کے پاس ٹشو موجود ہونے چاہئیں جبکہ دوران سفرکم سے کم سامان ہمراہ لائیں۔انہوں نے بتایا کہ عمر رسیدہ مسافر کے ساتھ والی سیٹ پر دوسرا مسافر نہیں بیٹھے گا۔انہوں نے بتایاکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث حکومت نے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جسکی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ۔ یہ بھی پڑھیں: آئل ریفائنریز، کمپنیوں کو ایندھن کی فراہمی میں اضافے کی ہدایت انہوں نے کہا کہ ہر چکر کے بعد بس میں سپرے کیا جائے گا جبکہ بسوں کے اندر سینیٹائزر رکھے جائیں گے ۔