کراچی : سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مزار عمر بن عبدالعزیز ؒاور دیگر مقدس مزارات کی بے حرمتی کھلی دہشت گردی ہے ، اس عمل سے عالم اسلام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ،مزارات مقدس کی بے حرمتی وتوہین کا سلسلہ بند کیا جائے ،یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ مزارات مقدسہ کی بے حرمتی سے باز آجائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شام میں مزارات مقدسہ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت اور وفد سے گفتگو میں کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ شام میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و بربریت کی انتہا ہوچکی ہے ،او آئی سی بالخصوص عرب ریاستوں کو ملک شام میں عمر بن عبدالعزیز ؒ کے مزار سمیت دیگر مزارات کی بے حرمتی کا نوٹس لینا چاہئے ، امام احمد رضا ؒکی تعلیمات نے عشق رسول ؐ کو فروغ دیا اور امن و سلامتی کو عام کیا ہے ،دوقومی نظریہ کے مخالف ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچا نے کے درپے ہیں،قادیانی فتنے کی سازشوں کو کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا جس کے لئے 22لاکھ افراد نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، مزارات مقدسہ کو شہید کرنے والے اسلام دشمن ہیں،بے حرمتی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔